اسلام آباد :(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان کل لاہور کا دورہ کریں گے جہاں انہیں 100 روزہ پلان پر پنجاب حکومت کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل لاہور کا دورہ کریں گے، وزیراعظم داتا دربار کے باہر پہلے شیلٹرہوم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ حکومت پنجاب پہلے مرحلےمیں لاہورمیں 5 شیلٹرہوم قائم کررہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی ون آن ون ملاقات بھی طے ہے، وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعظم کو حکومت پنجاب سے متعلق بریف کریں گے۔
وزیراعظم پنجاب کے صوبائی وزرا سے بھی مشاورت کریں گے، وزرا اپنے محکموں کے اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔
عمران خان 100 روزہ پلان پر پنجاب حکومت کی تیاریوں پر بریفنگ لیں گے اور بیوروکریسی کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 30 اکتوبرکو وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ لاہور کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں پنجاب کے انتظامی، سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو 100 روزہ پلان پرعملدرآمد کے حوالے سے بریف کیا اور پنجاب میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے اور دیگر امور پربھی آگاہ کیا گیا تھا۔