اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ وزیراعظم کی وطن واپسی کے بارے میں ٹی وی چینلز پر جھوٹ بولنے والے کچھ تو شرم کریں۔مسلم لیگ (ن) نے کرپشن سے لتھڑے ہوئے نظام کے باوجود شفاف حکمرانی کی بہترین مثال قائم کی ہے۔ بدھ کو ایک بیان میں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کا پائیدار حل جمہوریت کے تسلسل اور استحکام سے مشروط ہے۔ جمہوری نظام کو ناکام اور بدنام کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی۔بعض جماعتیں اور سیاستدان الزامات کی دھول اڑا کر اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں۔ سیاستدان بحث اور اختلاف کے لئے دھرنوں اور جلسوں کی بجائے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کریں۔ ریٹنگ فوبیا کا شکار بعض ٹی وی چینلز اور کچھ اینکرز صحافتی اخلاقیات کی تمام حدود پار کر چکے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز کی تحقیقات کے مسئلہ پر پارلیمنٹ کی رائے کو فوقیت دی جائے گی۔ رکاوٹوں اور سازشوں کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان کو مسائل کے بھنور سے باہر نکالیں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ مشرف دور کی حمایت میں عمران کا بیان اُن کے آمرانہ انداز فکر کا غماز ہے جبکہ اخلاقی گراوٹ کی دلدل میں گردن تک دھنسے ہوئے لوگ ہمیں اخلاقیات کا درس دے رہے ہیں۔