خبرنامہ پنجاب

وزیراعظم کے اعلان کے باوجود لوڈ شیڈنگ آدھی نہ ہونا تشویشناک ہے،ناصر رمضان

لاہور (ملت + آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے اعلان کے باوجود لوڈشیڈنگ آدھی نہ ہونا تشویشناک امر ہے انہوں نے کہا کہ بدترین موسم گرما گذر جانے کے باوجود لوڈشیڈنگ میں کمی نہ ہونے سے عوام و صنعتکارو تاجر طبقہ پریشانی کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ اعلانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ختم ہوگی۔ بدترین لوڈ شیڈنگ کے باوجود نندی پور پاور پلانٹ بند کیوں ہے عوام اس کی حقیقت جاننا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں مسلم لیگ لاہور کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ناصر رمضان گجر نے کہا کہ توانائی بحران اور لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کالا باغ ڈیم سمیت بروقت بڑے آبی ذخائر کی تعمیرنہ کرنے سے طویل ہوا ۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ پاور پلانٹ سے انتہائی مہنگی بجلی حاصل ہوتی تو عوام و صنعتکار دونوں کے مفادات کے خلاف ہے جبکہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے3600میگاوا ٹ انتہائی سستی اڑھائی روپے والی بجلی سسٹم میں آئے گی اس لیے حکومت بڑے آبی ذخائر کے ساتھ کالا باغ ڈیم کی فوری تعمیر کا آغاز کرے تاکہ توانائی بحران اور بدترین لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوسکے ۔