لاہور (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب میں فرانزک فوڈ اینڈ ڈرگ ایجنسی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیبارٹری کے قیام کا مقصد ادویات کے معیار کو بہتر کرنا ہے‘ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے جعلی اور غیر معیاری ادویات بنانے والوں کا خاتمہ ہوگا‘ پنجاب فرانزک فوڈ اینڈ ڈرگ ٹیسٹنگ ایجنسی آزاد اور خودمختار ادارہ ہوگا‘ ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے اشیاء خوردونوش ‘ زرعی اشیاء اور دیگر اشیاء کی پڑتال کی جائے گی۔ وہ پیر کو ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے لیبارٹری کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ آج ہمیں قابل اعتماد ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا نظام میسر آگیا ہے لیبارٹری کا عملہ برطانیہ سے تربیت یافتہ ہے۔ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو صوبے بھر میں وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کے لمحات میں اپنا بے لاگ احتساب بھی کرنا چاہئے۔ پانچ سال قبل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویات کا مسئلہ سامنے آیا میں نے ادویات کو ٹیسٹ کے لئے دنیا کے تین ممالک میں بھیجا اس وقت وفاق کی ٹیسٹنگ لیبارٹری نے ادویات کو درست قرار دیا تاہم برطانیہ کی لیبارٹری نے انہی ادویات کو غیر موزوں قرار دیا۔ برطانوی لیبارٹری نے بتایا کہ یہ ادویات عارضہ قلب کے لئے نہیں ہیں ملیریا اور دیگر امراض کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے جعلی اور غیر معیاری ادویات بنانے والوں کا خاتمہ ہوگا پنجاب کیاس لیبارٹری میں عالمی معیار کا آزادانہ جانچ پڑتال کا نظام ہوگا۔ پنجاب فرانزک لیبارٹری کو بھی صوبے کے دیگر 9شہروں تک وسعت دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے فرانزک فوڈ اینڈ ڈرگ ایجنسی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لیبارٹری کے قیام کا مقصد پنجاب میں ادویات کے معیار کو بہتر کرنا ہے پنجاب فرانزک فوڈ اینڈ ڈرگ ٹیسٹنگ ایجنسی بھی آزاد اور خودمختار ادارہ ہوگا ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے اشیاء خوردونوش‘ زرعی اشیاء اور دیگر کی پڑتال کی جائے گی۔