لاہور (ملت + آئی این پی) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے غفلت برتنے پر جناح ہسپتال کے ایم ایس کو فوری معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ذمہ دار ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہواجس میں جناح ہسپتال لاہور میں خاتون کے جاں بحق ہونے کے معاملے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تین رکنی انکوائری کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ میں ایم ایس جناح اسپتال ظفریوسف اور ڈیوٹی پر مامور اسٹاف کو غفلت کا مرتکب ٹھہرایا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے مناسب علاج معالجہ نہ ملنے پر مریضہ کے جاں بحق ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس ظفریوسف کو فی الفور معطل کرنے کا حکم دے دیا جبکہ ذمہ دار ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی کی ہدایت جاری کردی ۔وزیراعلی پنجاب نے تمام ذمیداروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔