لاہور:(اے پی پی)وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف تقریب میں خطاب کے دوران انتہائی جذباتی ہوگئے اور تقریر کے دوران ڈائس سے ہٹ کر میز پر زور دار مکوں کی برسات کر دی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور میں اورنج لائن میٹرو سیمینار سے خطاب کر رہے تھے کہ اسی دوران انہوں نے اورنج لائن ٹرین منصوبے اور اس پر چند حلقوں کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا ذکر کیا جس پر اچانک وہ انتہائی جذباتی ہوگئے اور ڈائس سے ہٹ کر ایک جانب رکھی ہوئی میز پر زور دار مکے مارے اور باآواز بلند کہا کہ میں ایسا نہیں ہونے دوں گا ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اشرافیہ چاہتی ہے کہ جام کے دور چلیں ، عیاشی ہو اور عوام کا استحصال ہو مگر میں ایسا نہیں ہونے دوں گا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مخالفین کو عوام کی آزادی اور خوشحالی پسند نہیں اور وہ بلاوجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ کے اس جوشیلے خطاب کو حاضرین نے زوردار تالیاں بجا کر بھرپور اندازمیں داد دی ۔