خبرنامہ پنجاب

وزیراعلیٰ کی برطانیہ کے ہائی کمشنر سے ملاقات

لاہور(آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریونے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دوستانہ اور تجارتی تعلقات قائم ہیں۔برطانیہ کا تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور برطانیہ کے مابین مختلف شعبوں میں اشتراک کار میں اضافہ ہواہے ۔پنجاب میں برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ) کے تعاون سے تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں جاری پروگرامز پر کامیابی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جس کے ذریعے انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے رجحانات پر قابو پایا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت شعبہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور تعلیم کے فروغ کیلئے دور رس اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شفافیت، میرٹ اور اعلیٰ معیار کی پالیسی کے کلچر کو فروغ دیا ہے ۔ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں اور حکومت وسائل کی ایک ایک پائی دیانتداری سے عوام کی فلاح و بہبود پرخرچ کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے اور توانا ئی بحران سے نمٹنے کے لئے نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور 2013 کے مقابلے میں آج کا پاکستان پرامن، محفوظ، ترقی یافتہ اور معاشی طور پر مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں۔ پرامن اور تحمل و برداشت پر مبنی معاشرے کی تشکیل قائداعظم محمد علی جناحؒ کامشن ہے جس کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور برطانیہ کے مابین سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے مضبوط پارٹنرشپ قائم ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے فلاح عامہ کیلئے متعدد شاندار اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی سماجی شعبوں میں تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔