چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری ہائرایجوکیشن ، ڈائریکٹر آئی ٹی پنجاب یونیورسٹی، چیف پی اینڈڈی اور ایم ڈی پیپرا شامل ہیں ‘ کمپنی کو حکومت ایکسپورٹ فیس اور ٹیکس کی مد میں رعایت فراہم کرے گی
لاہور(آئی این پی) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے لیپ ٹاپ سکیم کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے پانچ رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری ہائرایجوکیشن ، ڈائریکٹر آئی ٹی پنجاب یونیورسٹی، چیف پی اینڈڈی اور ایم ڈی پیپرا شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ محکمہ ہائرایجوکیشن نے وزیراعلی پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت مالی سال 16-2015میں5ارب کی لاگت سے ہونہار طلبہ وطالبات کو ایک لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جس کے لئے بین الاقوامی دو فرموں کو تمام پراسیس کے بعد شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔تاہم وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام پراسیس کالعدم قرار دیتے ہوئے چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف کی سربراہی میں پانچ رکنی اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ جس کے دیگر ارکان میں ایڈیشنل سیکرٹری ہائرایجوکیشن ، ڈائریکٹر آئی ٹی پنجاب یونیورسٹی، چیف پی اینڈڈی اور ایم ڈی پیپرا شامل ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے کمیٹی کو نئی پالیسی کے مطابق ٹینڈرز اور پیشکش دوبارہ طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت کامیاب ہونے والی کمپنی مقامی سطح پر لیپ ٹاپ کے چند پرزہ جات تیار کرنے کی بجائے تمام پرزے تیار کرنے کی ذمہ دارہو گی۔ کامیاب کمپنی نوجوان آئی ٹی ماہرین کو روزگار کی فراہمی اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلئے سسٹم سپورٹ اینڈ سروس سنٹر اور پراڈکٹ ڈیزائن اینڈ ٹیسٹنگ سنٹر قائم کرنے کی ذمہ داری ہو گی جس میں نوجوانوں کے لئے500سیٹیں تخلیق کی جائیں گی جنھیں اگلے تین برسوں میں ایک ہزار تک بڑھایا جائے گا۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق کامیاب کمپنی اپنے پرافٹ کا 5فیصد لوکل سطح پر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر خرچ کرنے کی پابند ہو گی جبکہ کمپنی کو حکومت ایکسپورٹ فیس اور ٹیکس کی مد میں رعایت فراہم کرے گی۔