خبرنامہ پنجاب

وزیرداخلہ امریکہ ، برطانیہ اور جرمنی کے دورے سے واپس آگئے

لاہور:(آئی این پی ) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان امریکہ ، برطانیہ اور جرمنی کے ڈھائی ہفتے طویل دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان پی آئی اے کی پرواز پی کے سات پانچ آٹھ کے ذریعے جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پہنچے جہاں ایئرپورٹ انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا ۔ وزیر داخلہ کو سخت سکیورٹی میں ایئرپورٹ سے روانہ کیا گیا ۔ چودھری نثار علی خان تقریباً سولہ روز قبل امریکہ ، برطانیہ اور جرمنی کے دورے پر روانہ ہوئے تھے ۔ انہوں نے روانگی سے قبل کہا تھا کہ انہوں نے وزیر اعظم سے چھٹی لی ہے کیونکہ ان کی اہلیہ علاج کی غرض سے جرمنی میں ہیں ۔ اپنے دورہ امریکہ کے دوران وزیر داخلہ نے پیرس ماحولیاتی معاہدہ پر دستخط کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کیا ۔ ذرائع کے مطابق دورہ برطانیہ کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے سیکیورٹی امور سے متعلق تھنک ٹینک سے خطاب کے علاوہ عمران فاروق قتل کیس ، منی لانڈرنگ کیس سمیت دیگر اہم امور پر برطانیہ کی وزیر داخلہ سمیت دیگر برطانوی شخصیات سے بھی اہم ملاقاتیں کی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان آج شام اسلام آباد پہنچ جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار نے جب سے وزارت داخلہ کا چارج سنبھالا ہے یہ ان کا پہلا طویل غیر ملکی دورہ ہے ۔