ملتان:(اے پی پی)مولانا فضل الرحمٰن کا تحفظ خواتین قانون پر غصہ فی الحال کم ہونے کو نہیں آ رہا۔ ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران جے یو آئی ف کے سربراہ ایک بار پھر تحفظ خواتین قانون پر برس پڑے۔ مولانا فضل الرحمان نے سوال اٹھایا کہ مرد کے ہاتھوں میں کنگن پہنایا جائے گا تو کیا معاشرہ قبول کرے گا؟ لگتا ہے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بھی اس قانون کی زد میں آئیں گے۔ سربراہ جے یو آئی ف نے پنجاب اسمبلی کے منظور کردہ قانون کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے قوانین بین الاقوامی ایجنڈا ہیں، ملک کو سکیولر نہیں بننے دیں گے۔مولانا فضل الرحمان نے طنز کی کہ ارکان پنجاب اسمبلی پر زن مرید کا بیج لگنا چاہئے، انہوں نے رانا ثناء اللہ کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کو گرانے پر آ گئے تو ووٹ بھی اسے نہیں بچا سکیں گے۔