وزیر اعلیٰ پنجاب کی ذاتی دلچسپی سے زینب کا قاتل پکڑا گیا، رانا محمد حیات
اسلام آباد(ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی رانا محمد حیات خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ذاتی دلچسپی اور پولیس کی دن رات کی محنت سے زینب کے قاتل کو پکڑا گیا ہے، اس مقدمہ کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرکے اسے سزا دی جائے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قصور واقعہ پنجاب پولیس کے لئے بڑا امتحان تھااس واقعہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جارہی تھی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات اور ذاتی دلچسپی کی وجہ سے پنجاب پولیس نے مجرم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پنجاب پولیس مبارکباد کی مستحق ہے ۔ مجرم کو جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
زینب کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرنا مثبت پیش رفت ہے، سینیٹر محمد علی سیف
اسلام آبادایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سینیٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ قانون میں ترمیم کرکے زینب کے قاتل کو سرعام پھانسی دی جا سکتی ہے ۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ زینب کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرنا ایک مثبت پیش رفت ہے اس ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی میچ کرگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عدالت ملزم کو سخت سزا دے ۔ قانون میں سرعام پھانسی کی گنجائش نہیں لیکن حکومت اور عوام کی طرف سے سرعام پھانسی کے مطالبے پر ترمیم کی جاسکتی ہے۔
زینب کے قاتل کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے، شفقت محمود
اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رکن قومی اسمبلی شفقت محمود نے کہا ہے کہ پارٹ چیئرمین کو اختیار دے دیا ہے کہ وہ جب چاہیں استعفے پیش کردیں ، زینب کے قاتل کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ زینب کے قاتل کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔