خبرنامہ پنجاب

وزیر اعلی پنجاب کے ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین کی بائیک ریلی

فیصل آباد ۔23 اکتوبر(ملت + اے پی پی) وزیر اعلی پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے زیر اہتمام ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کرنے والی موٹر سائیکل سوار خواتین کی ریلی منعقد ہوئی جس کی قیادت موٹرسائیکلز پر سواری کرکے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں ‘ سینئر ممبر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سلمان صوفی ‘ ڈی سی او سلمان غنی اور وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کی ۔ اس موقع ایم این اے بیگم خالدہ منصور ‘ ارکان صوبائی اسمبلی مدیحہ رانا ‘ بیگم نجمہ افضل ‘چیف ٹریفک آفیسر عارف شہباز خاں وزیر اور سول سوسائٹی کے نمائندے و مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔یہ ریلی زرعی یونیورسٹی کے مین گیٹ سے شروع ہو کر ہلال احمر چوک اور واپس زرعی یونیورسٹی پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جس میں 60 سے زائد موٹر سائیکل سوار خواتین نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا کہ تعلیم ‘ ملازمت اور دیگر گھریلو کاموں کی انجام دہی کے سلسلے میں آمد و رفت کے لئے خواتین کا موٹر سائیکل چلانا معاشرے میں اہم مثبت تبدیلی ہے جسکا مقصد خواتین کو مردوں کے ہم پلہ خود انحصار بنا کر ترقی کی رفتار مزید تیز کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انکے تحفظ و ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اس سلسلے میں تحفظ نسواں ایکٹ اور دیگر قانون سازی کے علاوہ وومن آن وہیلز بھی اہم قدم ہے ۔ انہوں نے خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کے فن کی تربیت فراہم کرنے کے منصوبے کی کامیابی کے لئے سینئر ممبر سلمان صوفی کی سربراہی میں وزیر اعلی سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی انتظامی و ترقیاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان بیٹیوں کو سڑکوں پر موٹر سائیکل چلاتے دیکھ کر دیگر خواتین کو بھی ترغیب حاصل ہو گی جس سے ایک فعال ‘ متحرک اور مہذب و ترقی یافتہ معاشرے کا تاثر ابھرے گا ۔ قبل ازیں صوبائی وزیر قانون نے زرعی یونیورسٹی کے سینٹ ہال میں منعقدہ تقریب میں موٹر سائیکل کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے اور خطاب کے دوران وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے موٹر سائیکل کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو موٹر سائیکل کی خریداری میں معاونت کے لئے 10 کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ فنڈز حتمی نہیں اس میں خواتین کی دلچسپی اور دیگر ضروریات کے پیش نظر مزید اضافہ بھی کیا جائے گا ۔ انہوں نے موٹر سائیکل چلانے کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین سے کہا کہ وہ خود اعتمادی ‘ شائستگی ‘نظم و ضبط ‘ٹریفک قوانین کی پاسداری اور اسلامی اقدار کے ساتھ موٹر سائیکل چلائیں اب انہیں خاندان کے دیگر افراد پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے ٹریفک پولیس سے کہا کہ وہ خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں محکمانہ آسانی فراہم کریں جبکہ موٹر سائیکل چلانے والی خواتین کو شاہراہ پر ضروری سہولیات فراہم کرکے بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ گھر بیٹھی خواتین کے لئے موٹر سائیکل چلانا کشش کا باعث ہو اور اس پراجیکٹ کو کامیاب بنا کر سماجی ترقی کی بنیاد مضبوط کریں۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ ڈولفن فورس لاہور میں محنت سے کام کر رہی ہے اور عنقریب فیصل آباد میں ڈولفن فورس کام شروع کر دے گی ۔ڈی سی او سلمان غنی نے کہا کہ مرد و خواتین کا یکساں کردار ادا کئے بغیر معاشرہ ترقی کا اعلی معیار حاصل نہیں کر سکتا ہے اور وومن آن وہیلز پراجیکٹ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جسے مثبت طریقے سے معاشرے میں رائج کیا جارہا ہے تاکہ اس اہم قدم کو قابل قبول بنا کر عورتوں کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کے لئے خود اعتماد اور خود انحصار بنایا جا سکے ۔سینئر ممبر وزیر اعلی پنجاب سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سلمان صوفی نے کہا کہ فیصل آباد کا یہ تاریخی دن ہے کہ تربیت حاصل کرنے والی خواتین موٹر سائیکل چلا کر سڑکوں پر نکل رہی ہیں جس سے صنفی امتیاز کا خاتمہ ہو گا اور ترقی کے نئے کلچر کو فروغ ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کی تخریبی کارروائیوں کی پرواہ کئے بغیر تمام طبقات کی بلاامتیاز ترقی کے لئے تعمیری جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے وومن آن وہیلز پراجیکٹ پر عملدرآمد کے سلسلے میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ‘ زرعی یونیورسٹی ‘سٹی ٹریفک پولیس اور ہنڈا اٹلس کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر وومن آن وہیلز پراجیکٹ صوبے کے پانچ شہروں فیصل آباد ‘ لاہور ‘ سرگودھا ‘ راولپنڈی اور ملتان میں شروع کیا گیا ہے جسکا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ وومن آن وہیلز پروگرام کے تحت خواتین کی میگا موٹرسائیکل ریلی 27 نومبر کو لاہور میں منعقد ہو گی جس میں صوبہ کے پانچ شہروں کی ٹریننگ یافتہ موٹر سائیکل سوار خواتین شرکت کریں گی ۔وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد نے وومن آن وہیلز پراجیکٹ کے لئے زرعی یونیورسٹی کے انتخاب پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک صنعتی گروپ کے تعاون سے یونیورسٹی میں زیر تعلیم لڑکیوں میں چھ سو موٹر سائیکل تقسیم کی گئی ہیں جس سے یہ کلچر مزید آگے بڑھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے خصوصی اقدامات کے تحت زرعی یونیورسٹی میں ایک ایک ہزار گنجائش پر مشتمل لڑکیوں کے دو بڑے ہاسٹلز تیار کئے جارہے ہیں جس سے خواتین کی ترقی کے لئے حکومتی اقدامات عیاں ہیں۔ بعدازاں موٹرسائیکل چلانے کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے اور انہوں نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس احسن اقدام کو خواتین کی ترقی کے لئے خوش آئند قرار دیا اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی بہترین معاونت کو سراہا ۔