خبرنامہ پنجاب

وزیر خارجہ کی نامزدگی کا مطالبہ کردیا

لاہور (ملت + آئی این پی) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے ملک میں فوری وزیر خارجہ کی نامزدگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی خارجہ پالیسی مکمل ناکام ہو چکی ہے ‘بھارت کی بلا اشتعال فائر نگ کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس بھی بلایا جائے ‘حکومت کے صرف مذمت کر نے سے کچھ ہوگا ہر محاز پر بھارت کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ جس ملک کا وزیر خارجہ ہی نہیں اس کی خارجہ پالیسی کہاں ہوگی ؟ملک میں فوری طور پر کسی اہل شخص کو وزیر خارجہ بنانے کی ضرورت ہے وزیر اعظم نے اپنے پاس وزیر خارجہ کا عہدہ رکھا ہوا ہے جسکی وجہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر لحاظ سے ناکام ہو چکے ہیں اور ایسے نااہل حکمران ملک پر بوجھ ہیں ان سے نجات حاصل کر نا ہی ملک اور قوم کے مفاد میں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے اور پوری قوم افواج پاکستان کیساتھ کھڑی ہے بھارت کو منہ توڑ جواب ہی ملے گا ۔