خبرنامہ پنجاب

وطن عزیزکی طرف کوئی میلی آنکھ سےنہیں دیکھ سکتا، شہباز

لاہور:(اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مضبوط دفاع کے باعث وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا کیونکہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مالامال ہیں۔ یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یوم فضائیہ پاک فضائیہ کے جانباز شاہینوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کس طرح ہمارے جانباز دلیر شاہینوں نے دشمن کے حملے کو پسپا کرکے وطن عزیز کی آن، بان اور شان کو قائم رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے پاک افواج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے دشمن کی فضائی طاقت کو نیست و نابود کر دیا تھا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں جہاں پاکستان کی بری اور بحری افواج نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا وہیں پاک فضائیہ کا کردار بھی نا قابل فراموش ہے، پاک فضائیہ نے جس دلیری اور جواں مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا آج اسی عزم کی تجدید کا دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے، مضبوط دفاع کے باعث وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا کیونکہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مالامال ہیں اور وطن عزیز کے دفاع کےلیے ہمہ وقت چوکس ہیں جب کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 1998 میں ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔