خبرنامہ پنجاب

وفاق حج اور عمرہ کے امور کی خود نگرانی کرے ، پنجاب اسمبلی میں قرار داد پاس

لاہور:(اے پی پی)وفاقی حکومت حج و عمرہ کے امور خود سنبھال لے ، پنجاب اسمبلی نے قرارداد پاس کردی ، پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے لگژری حج کا سلسلہ بھی روک دیا جائے ۔ اسمبلی نے ٹی وی چینلز پر جرائم اور مقدمات کی ڈرامائی تشکیل پر پابندی لگانے کی بھی قرارداد منظور کرلی ۔ پنجاب اسمبلی نے شیخ علائو الدین کی پیش کردہ قرار داد پاس کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے سفارش کی ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلے کے مطابق حج و عمرہ کو صرف اور صرف حکومتی ذمہ داری قرار دیا جائے پرائیویٹ حج و عمرہ ٹور آپریٹرز جو لگژری حج کا پندرہ پندرہ لاکھ روپے وصول کر رہے ہیں ان کو مذہبی ذمہ داری منافع بخش کاروبار کے طورپر چلانے سے روکا جائے ۔ پنجاب اسمبلی نے وفاقی حکومت سے سفارش کرتے ہوئے یہ بھی قرار داد منظور کی کہ تمام ٹی وی چینلز پر جرائم اور مقدمات کی ڈرامائی تشکیل پیش کرنے پر پابندی لگائی جائے ۔ اجلاس میں پنجاب کے تمام اضلاع بالخصوص راجن پور میں ہیپاٹائٹس کے مرض کے علاج اور روک تھام کے لئے ضلعی سطح پر سنٹر قائم کرنے انجکشن اور ادویات مفت مہیا کرنے کی قرارداد بھی منظور کرلی جبکہ اجلاس میں پینے کے صاف پانی کے معاملے پر ایوان میں پارلیمانی سیکرٹری نذر گوندل اور حکومتی رکن شیخ علائو الدین میں تلخی بھی ہوگئی ۔