خبرنامہ پنجاب

وکلاء کے تشدد کے خلاف عدالتی اہلکاروں کی دوسرے روز بھی ہڑتال،ایوان عدل میں احتجاجی مظاہرہ

لاہور۔19 اکتوبر(ملت + اے پی پی )لاہور میں عدالتی اہلکار پر وکلاء کے تشدد کے خلاف دوسرے روز بدھ کو بھی عدالتی اہلکاروں نے ہڑتال کی۔ لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری ،ضلع کچہری اور ایوان عدل میں عدالتی عملے نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔عدالتی عملے کی ہڑتال کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہونے سے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔لاہور میں وکلاء کی جانب سے عدالتی اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعہ کے خلاف عدالتی عملے کی ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے،کلرکوں کی ہڑتال سے ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہونے سے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لاہور کی سیشن،سول اور خصوصی عدالتوں میں پیشی پر لائے جانے والے ملزمان کو اگلی تاریخیں دے کر روانہ کیا گیا۔منگل کو لاہور کی سول عدالت میں وکلاء کی بات نہ ماننے پر عدالتی اہلکارفیصل کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ جس پرعدالتی اہلکاروں نے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔ عدالتی اہلکاروں نے مار پیٹ کرنے والے وکلاء کے خلاف کارروائی ہونے تک احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ اس دوران سینئر سول جج لاہور نے عدالتی عملے کو منانے کیلئے ان سے بات چیت کی اورعدالتی کلرکوں پرتشدد کرنے والے وکیل کے خلاف کاروائی کے لیے دو دن کا وقت مانگ لیا. جس پر کلرکوں نے وقتی طور پراحتجاج ختم کر دیا۔