خبرنامہ پنجاب

وہاڑی، مسافر بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم ، 8افراد جاں بحق ، 25زخمی

وہاڑی/ملتان/لاہور (آئی این پی) وہاڑی میں ٹبہ سلطان پور کے قریب اڈہ غلام حسین پر مسافر بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق جبکہ 25زخمی ہوگئے‘ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں سمیت نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا‘ وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ منگل کو پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی مسافر بس وہاڑی سے ملتان جارہی تھی اور راستے میں اڈا غلام حسین پر مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں بس الٹ گئی جس کی وجہ سے بس میں موجود مسافروں کو سخت چوٹیں آئیں۔ ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی اور ملتان کے نشتر ہسپتال منتقل کیا ۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری اور دھند کے باعث پیش آیا جس کی وجہ سے 8 افراد جاں بحق اور25 زخمی ہوگئے ۔ حادثے کے باعث آئل ٹینکر سے تیل نکل کر سڑک پر دور دور تک پھیل گیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سمیت سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ (ن غ)