ٹنڈو محمد خان: زہریلی شراب ایک بار پھر کئی گھر اجاڑ گئی۔ کریم آباد ، سومرا محلہ اور قریبی علاقوں میں زہریلی شراب پینے کے باعث درجنوں افراد دم توڑ گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔ مرنے والوں کے ورثا نے لاشیں سڑک پر رکھ کا دھرنا دیا جس سے ٹریفک معطل ہو گئی۔ وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ افسوسناک واقعہ کے بعد ایس ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ کو معطل کر دیا گیا۔ ادھر پولیس نے دو ملزموں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں زیادہ تر کا تعلق ہندو برادری سے ہے جو ہولی کا تہوار منا رہے تھے۔ اکتوبر 2014 میں حیدرآباد میں ایسے ہی واقعے میں دو درجن کے قریب افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جبکہ کراچی میں زہریلی شراب پینے سے 27 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔