لاہور:(ملت+آئی این پی) ٹیکس ریٹرن فارم 2016 ہائیکورٹ میں چیلنج، عدالت نے وزارت خزانہ اور ایف بی آر سے 2فروری تک جواب طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ٹیکس بار کے صدر فرحان شہزاد نے لاہور ہائیکورٹ میں ٹیکس ریٹرن فارم 2016 کیخلاف درخواست دائر کی جس پر جسٹس عابد عزیز شیخ نے سماعت کی۔ درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرن فارم میں غیرقانونی ترامیم کر دی ہیں، ترامیم کے وقت بار ایسوسی ایشنز اور ٹیکس دہندگان سے مشاورت بھی نہیں کی گئی، ایف بی آر نے ترمیمی ٹیکس ریٹرن فارم مقررہ مدت میں جاری نہیں کئے درخواستگزار نے آئینی نقطہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ٹیکس ریٹرن فارم ٹیکس ایکٹ کی دفعہ 114، 118 اور 237 کی خلاف ورزی ہے درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ موجودہ ٹیکس ریٹرن فارم کو غیرقانونی قرار دیا جائے، ایف بی آر کو قانون کے مطابق ٹیکس ریٹرن فارم بنانے کا حکم دیا جائے جس پر عدالت نے وزارت خزانہ اور ایف بی آر سے 2فروری تک جواب طلب کرلیا۔