خبرنامہ پنجاب

پاکستان، ایران دوستانہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم

لاہور (ملت + اے پی پی) حکومت پنجاب وزیراعلی محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں صوبے کی معاشی ترقی کے لئے کوشاں ہے، پنجاب میں توانائی ، تعلیم ، زراعت ، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بے شمار پر کشش مواقع میسر ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کار خاطر خواہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں، معاشی و اقتصادی میدان میں باہمی روابط سے پاکستان اور ایران کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارسپیکرپنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی سے اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام ایران کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ا یران امت مسلمہ کا وہ چراغ ہے جس کے علم و ادب کی روشنی دور دور تک پھیلی ہوئی ہے ، ہمیں ایرانی بھائیوں کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات پر فخر ہے ۔ دونوں ممالک کی دوستی لازوال، سمندر کی طرح گہری اور ہمالیہ کی طرح بلند ہے جسے ہمارے تاریخی ، ثقافتی، ادبی، معاشی و اقتصادی تعلقات نے چار چاند لگا رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک لا الہ اللہ کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ، مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کی ترقی کے خواہاں ہیں، وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے کوششیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں ایک دوسرے کے ماہرین سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔