خبرنامہ پنجاب

پاکستانی قوم نے جمہوریت کی بحالی کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور:(اے پی پی) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہاہے کہ پاکستانی قوم نے جمہوریت کی بحالی کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب ملک میں مضبوط جمہوری نظام کے قیام کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں، لائیو سٹاک، تعلیم،صحت اور تجارتی شعبہ میں پاکستان اور آسٹریلیا کو ایک دوسرے کے ماہرین سے استفادہ کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ملاقات کیلئے آنیوالے صدر پاک آسٹریلیا فرینڈ شپ فورم ارشد نسیم بٹ کی قیادت میں چار رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل ،اداروں کی مضبوطی ،پارلیمنٹ کی بالادستی میڈیا کی آزادی کے علاوہ ذاتی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔ سپیکر نے وفد کو جہالت، پسماندگی،غربت کے خاتمے اور عوام کو صحت ،تعلیم و دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے بارے حکومت پنجاب کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سر فہرست ہے ۔ سول سوسائٹی، سیاستدان، میڈیا اور تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں۔ ارشد نسیم بٹ نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان کو تجارتی شعبہ میں ایک دوسرے سے تعاون بڑھانا چاہئے۔