پنجاب پولیس کے سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) فیصل مختار نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس (آئی اے سی پی) کی جانب سے ترتیب دی گئی دنیا کے 40 بہترین پولیس افسران کی فہرست میں اپنی جگہ بنالی۔
پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینے والے امریکی ادارے آئی اے سی پی کے تحت 40 سال یا اُس سے کم عمر کے حامل دنیا کے 40 بہترین پولیس افسران کی ایک فہرست تیار کی گئی ہے۔
اس فہرست میں وہ پولیس افسران شامل ہیں جو قانون کی پاسداری کرتے ہوئے بہادری، عزم و حوصلے اور سنجیدگی سے اپنی قوم کی حفاظت کی ذمہ داری اٹھا رہے ہیں۔
اس فہرست میں پاکستان سے پنجاب پولیس کے 38 سالہ ایس ایس پی فیصل مختار کا بھی انتخاب کیا گیا، جو بطور ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) بھرتی ہوئے تھے اور پھر ترقی کرتے کرتے اس مقام تک پہنچے۔
فیصل مختار اس سے قبل 2016 میں ہبرٹ ہمفرے فیلوشپ (Hubert Humphrey Fellowship) میں بطور اسکالر شریک ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔
فیصل مختار نے پولیس فورس میں شامل ہونے کا فیصلہ ایک پولیس افسر سے ملاقات کرنے کے بعد کیا اور پھر دوسروں کی مدد کرنے کے جذبے کے ساتھ پولیس فورس کو بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
ایس ایس پی فیصل مختارکے مطابق انہوں نے پنجاب پولیس کے افسران کے درمیان استحکام اور فلاح و بہبود کے منصوبوں پر زور دیا تاکہ دوران ڈیوٹی تناؤ کو کم کیا جاسکے اور دماغی صحت بہتر کی جاسکے۔
انہوں نے ڈپارٹمنٹ میں ‘عزت سب کے لیے’ (Respect For All) پالیسی کے ساتھ کئی نئی پالیسیز کا بھی آغاز کیا، ساتھ ہی انہوں نے کمیونٹی اور پولیس کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف پروگرامز بھی شروع کیے۔
علاوہ ازیں انہوں نے خواتین پولیس افسران کو با اختیار بنایا اور ان کے عہدوں میں بھی اضافہ کیا۔
دنیا کے 40 بہترین پولیس افسران کی خدمات کو سراہنے کے لیے آئی اے سی پی کی کانفرنس امریکا کے شہر اورنالڈو میں منعقد کی گئی تھی، جس میں دنیا بھر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔