خبرنامہ پنجاب

پاکستان معاشی ترقی کی راہ پرگامزن ہوچکا ہے: شہباز

لاہور(آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیں، جبکہ پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے۔ لاہور میں اراکین اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت کے معاشی اقدامات کے باعث قومی معیشت مضبوط ہوئی ہے، جبکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی کامیاب ترقیاتی حکمت عملی سے ملک تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میاں نوازشریف کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کا سفر کامیابی سے طے کررہی ہے، جبکہ ملک کی ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں اور حکومت کے فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے۔