خبرنامہ پنجاب

پاکستان میں شادی کی اور ایک بچے کا باپ بھی ہوں

راولپنڈی:(اے پی پی) بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیو بیریٹ نے عدالت کے روبرو اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ اُس نے پاکستان میں شادی کی اوروہ ایک بچے کا باپ بھی ہے جب کہ معزز جج نے سماعت کے دوران ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میتھیو جاسوس ہے تو اس کا ثبوت کہاں ہے۔ ایف آئی اے نے بلیک لسٹ پر موجود امریکی شہری میتھیو بیریٹ کو سول کورٹ کے جج نوید اقبال کے روبرو پیش کیا۔ اس موقع پر ملزم نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے پاکستان میں شادی کی ہے ایک بچے کا باپ ہوں، میرا ویزا بھی مکمل طور پر درست ہے اور قانون کے مطابق باقاعدہ ویز ا حاصل کر کے پاکستان آیا جب کہ پاکستان کی شہریت کے لئے درخواست بھی دی ہے، امریکی شہری نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتاری غیرقانونی ہے اور بلیک لسٹ کرنے کا الزام بھی غلط ہے اس لئے ضمانت پر رہا کیا جائے۔ اس موقع پر معزز جج نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ شخص جاسوس ہے تو اس کا ثبوت کہاں ہے، میتھیو بیریٹ قانون کے مطابق ویزا حاصل کر کے پاکستان آیا ہے تاہم تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے تفتیش کرنا ہے اس لئے ملزم کا ریمانڈ دیا جائے جس پر عدالت نے بلیک لسٹ پر موجود امریکی شہری میتھیو بیریٹ کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ امریکی شہری میتھیو بیریٹ کو حساس اداروں کی تنصیبات کے علاقے میں جانے پر 2011 میں بلیکٹ لسٹ کردیا گیا تھا جس کے بعد میتھیو نے ایک مرتبہ پھر پاکستان آنے کی کوشش کی جسے حراست میں لے لیا گیا۔