خبرنامہ پنجاب

پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ..محمد شہبازشریف

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی مسلم لیگ (ن) کے وفد سے بات چیت
لاہور۔30 اگست(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک دوبارہ ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے اور تین برس کے دوران ملک معاشی لحاظ سے مستحکم ہوا ہے، امن و امان کی صورتحال میں بے پناہ بہتری آئی ہے اور آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ، پرامن اور اقتصادی طور پر مستحکم ہے ، اس وقت ملک کو منفی سیاست کی نہیں بلکہ اتحاد ، اتفاق اور یکجہتی کی ضرورت ہے ، احتجاجی سیاست کرنے والے عناصر کو ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے وفد سے بات چیت کرتے ہوے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ مفاد عامہ کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا گیا ہے جبکہ ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے متعدد منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اوراعلیٰ معیارکے رحجان کو فروغ دیا ہے اورہمارے منصوبے شفافیت کے ساتھ رفتار اور معیار کی گواہی دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں پرتنقید کرنے والے سیاسی عناصر عوام کے خیرخواہ نہیں۔ پاکستان کے عوام ملک میں ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ احتجاجی سیاست کرنے والے عناصر نے پہلے بھی قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا اور یہی عناصر اب دوبارہ ترقی کے تیز رفتار سفر میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ باشعور عوام ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کا محاسبہ کریں گے اور ترقی کے دشمن عناصر کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بعض سیاسی عناصر ایک بار پھر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنے کے درپے ہیں۔ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو ملک کا خیال ہے نہ عوام کا۔ انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست کرنے والے عناصر ذاتی مفادات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور ان کی افراتفری پھیلانے کی کوشش ملک اور قوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام نے ایسے عناصر کو پہلے بھی ہر موقع پر مسترد کیا ہے اور اب بھی ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔