خبرنامہ پنجاب

پاک افواج نے وطن عزیزکےدفاع کیلئےدشمن کومنہ توڑجواب دیا؛شہباز

لاہور (آئی این پی) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ 1965میں پاک افواج نے وطن عزیز کے دفاع کے لئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، پاک افواج آج بھی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بہادری کی نئی تاریخ رقم کر رہی ہیں۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلٰی محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ 1965 کی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے۔ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج بھی پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ پاک افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادری کی نئی تاریخ رقم کررہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز حکومت نے 1998ء میں ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور اب وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ نواز پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنائے گی۔