خبرنامہ پنجاب

پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری ترجیح ہے:شہباز

لاہور(آئی این پی )وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ دیہات میں بسنے والے افراد کی ترقی و خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ پنجاب بھر کے منتخب نمائندوں سے ملاقات میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ دیہات میں بسنے والے افراد کی ترقی و خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے پروگرام کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے بڑے پروگرام پر کام ہو رہا ہے جس سے ذرائع نقل و حمل کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی اور کھیت سے منڈی تک اجناس پہنچانے میں آسانی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا آغاز بھی جنوبی پنجاب کے اضلاع سے کر دیا گیا ۔