خبرنامہ پنجاب

پسند کی شادی پرجلائی گئی لڑکی کا بھائی گرفتار

لاہور: (آئی این پی) لاہور پولیس نے پسند کی شادی پر زندہ جلائی گئی لڑکی کا مفرور بھائی بھی گرفتار کر لیا ۔ مقتولہ کی ماں اور بہنوئی پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہیں ۔ ایک محبت نے نفرت کی ایسی آندھی چلائی کہ پورا خاندان تنکوں کی طرح بکھر گیا ۔ پہلے ماں ، بہنوئی اور اب بھائی بھی گرفتار ، محبت کی کہانی کا نفرت بھرا ، المناک انجام پورا خاندان رُل گیا ۔ لاہور میں پسند کی شادی پر زندہ جلائی گئی لڑکی کے افسوسناک واقعے کا ایک اور کردار پکڑا گیا ۔ لاہور پولیس نے نشتر کالونی سے مقتولہ کے مفرور بھائی انیس کو گرفتار کرلیا ۔ انیس بہن کو جلائے جانے کے بعد سے روپوش تھا ، پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم انیس نے ماں کےساتھ مل کر بہن پر تشدد کیا ۔ پھندا لگایا اور پھر زندہ جلا دیا ۔ فیکٹری ایریا لاہور کی سترہ سالہ زینت نے پسند کی شادی کی تھی ۔ گھر والے اسے منا کر ساتھ لائے کہ باضابطہ رخصتی کریں گے اور پھر اس کی جان لے لی ۔ نفرت نے محبت کا ہر رشتہ مٹا ڈالا ۔ لاہور پولیس نے زینت کی ماں اور بہنوئی کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا تھا ، اور مفرور بھائی انیس کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔