لاہور: (اے پی پی)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق عمران خان پر برس پڑے ، کہتے ہیں کپتان کے کان میں جو کوئی بھی کھسر پھسر کرتا ہے وہی مطالبہ کر دیتے ہیں ۔ کہتے ہیں پشاور کو بس کے لئے جگہ نہیں دے سکتے ، ریلوے ٹریک ڈبل کرکے طورخم تک جانا ہے ۔ لاہور میں ریل مزدور اتحاد کے زیر اہتمام ریلی سے خطاب میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پشاور بس کے لئے ریلوے کے حوالے سے ناجائز بات کی ہے ۔ اس ریلوے ٹریک کو ڈبل کرکے افغانستان تک جانا چاہتے ہیں اور وہ بس کے لئے جگہ مانگ رہے ہیں ۔ کے پی کے حکومت خود کوئی کام کرنا چاہتی نہیں اور ذمہ داری ریلوے پر ڈالی جا رہی ہے ۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو بھی مخالف ہونے کے باوجود ریلوے کی سرپلس جگہ دینے کی پیشکش کی ہے ۔ کے پی کے حکومت کو بھی تب ہی جگہ ملے گی جب سر پلس ہوگی ۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت پوائنٹ سکورنگ سے باز رہے ، جو بات ریلوے کے مزدور کو سمجھ آرہی ہے وہ عمران خان کو کیوں نہیں سمجھ آرہی ۔