خبرنامہ پنجاب

پمزمیں مریضہ سے مبینہ زیادتی کا ملزم 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل

اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں مریضہ سے مبینہ زیادتی کے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجتے ہوئے پولیس کو آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ ہفتہ کو اسلام آباد پولیس نے پمز میں مریضہ سے زیادتی کے ملزم کرشن کمار کو ایڈیشنل سیشن جج جواد حسین عادل کے روبرو پیش کیا اور ملزم کے مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور موقف اختیار کیا کہ ملزم کرشن کمار سے ابھی مزید تفتیش کرنی ہے جبکہ ملزم کے وکیل نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ میرا موکل بے گناہ ہے اور اسے جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جارہا ہے۔ عدالت نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔ عدالتی ریمارکس میں کہا گیا کہ پولیس نے ملزم سے تفتیش مکمل کرلی ہے مزید تفتیش کی ضرورت نہیں۔ پولیس آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان پیش کرے۔ (ن غ)