اسلام آباد:(اے پی پی)پمز ہسپتال میں ڈیوٹی پر تعینات میل نرس نے زیر علاج مریضہ کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ۔ تفصیلات کے مطابق پمز ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج مریضہ کو میل نرس کرشن کمار نے رات دو بجے کے قریب زیادتی کا نشانہ بنایا ۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ہسپتال انتظامیہ نے ملزم کو معطل کر کے اس کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ کے اندراج کی درخواست دے دی گئی ہے ۔ پمز ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹر فضل مولا کی جانب سے بتایا گیا کہ مریضہ کو آپریشن کے بعد آئی سی یو وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا جہاں ہفتے کی رات ملزم نے مریضہ کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی ملزم کے خلاف شواہد جمع کئے جا رہے ہیں اور ان کی روشنی میں ملزم کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ مریضہ کے لواحقین نے بھی اس واقعے پر شدید احتجاج کیا جس پر ہسپتال انتظامیہ نے یقین دلایا کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا اور تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے