خبرنامہ پنجاب

پنجاب، بارش، چھتیں گرنے سے 4 جاں بحق

لاہور (ملت آن لائن ) پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور طوفانی ہواؤں نے تباہی مچا دی ۔ لاہور اور کمالیہ میں چھتیں گرنے سے چار افراد جاں بحق ہوگئے ۔ ماں بیٹے سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ، جڑواں شہروں میں طوفانی آندھی سے کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے ۔ املاک اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔ پنجاب کے علاقوں میں پہلے طوفانی ہوائیں چلیں پھر تیز بارش ہوئی جس سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ۔ لاہور میں بارش کے باعث لیسکو کے 150 فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقے رات بھر بجلی سے محروم رہے ۔ تیز بارش سے مختلف حادثات بھی پیش آئے ، مرغزار کالونی میں دو گھروں کی چھتیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق ، ماں بیٹے سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ۔ پیر محل کمالیہ شوگر مل کے قریب مکان کی چھت گر گئی ، حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ۔ دوسری طرف جڑواں شہروں میں طوفانی آندھی سے کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے ۔ املاک اور کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ تیز ہواؤں سے رمضان بازاروں کے ٹینٹ بھی اڑ گئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آندھی کی شدت 93 کلومیٹر ، راولپنڈی میں 130 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے بعد بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ گرمی سے ستائے روزے داروں کے چہرے کھل اُٹھے ۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں آج بھی کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے ۔ بارش کا سلسلہ جمعہ تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا ۔ شدید گرمی کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر رحمت کھل کر برسا جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔ آندھی ، تیز ہوا اور وقفے وقفے سے بارش نے موسم کے رنگ ڈھنگ ہی بدل دیے ۔ لاہور میں سحری کے وقت ہونیوالی بارش سے موسم سہانا ہوگیا ۔ فضا میں ٹھنڈک کا احساس ہونے لگا ۔ گرمی سے ستائے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اُٹھے ۔ اسلام آباد ، راولپنڈی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ۔ فیصل آباد میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوا تو شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ۔ گجرات ، ساہیوال ، بھکر ، جھنگ سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی جس سے گرمی بھاگ گئی ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج بھی خیبر پختونخوا ، پنجاب ، اسلام آباد ، کوئٹہ ، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں بارش کا امکان ہے ۔ بارش کا سلسلہ جمعہ تک جاری رہے گا ۔