خبرنامہ پنجاب

پنجاب، بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 16 افراد جاں بحق

لاہور(ملت آن لائن)پنجاب کے مختلف اضلاع میں عید کے دوسرے اور تیسرے روز موسلادھار بارش کے باعث چھتیں، آسمانی بجلی گرنے اور کرنٹ لگنے سے بچی سمیت 16 افراد جاں بحق جبکہ 17زخمی ہوگئے جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں نہاتے ہوئے13 افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔

گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونیوالی موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، نمائندہ خصوصی کے مطابق سالانہ اربوں روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کرنے کے باوجود صرف52 ملی میٹر بارش نے حکومتی اور واسا کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہر طرف جھل تھل ہوگئی بارش کا پانی گھروں میں گھس گیا ہنگامی سینٹرز بھی کچھ نہ کرسکے عید کی خوشیاں مانند پڑگئیں، ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں میں شدت کی پیشگوئی کی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق شورکوٹ کے علاقہ بنڈہ سربانہ میں آم کے باغ میں چھپر کے نیچے سوئے ہوئے 2 مزدور موقع پر جاں بحق اور14افراد شدید زخمی ہوگئے، چنیوٹ کے علاقہ دلوالہ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔ فیصل آباد میں چھت گرنے سے 5 سالہ بچی جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ لاہور کے علاقہ فاضلیہ کالونی میں 13 سالہ بچہ زمین پر گری بجلی کی تار سے چھو کر زندگی کی بازی ہار گیا، ہارون آباد کے نواحی علاقہ خوشحال سنگھ کا محمد خاں موٹر سائیکل پر اپنے کھیتوں کی طرف جا رہا تھا، آسمانی بجلی گرنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ گھاتا سنگھ میں ایک مکان پر بجلی گرنے سے ایک خاتون فرزانہ بی بی اور اس کا 12 سالہ بیٹا محمد شعیب جاں بحق ہوگئے، ضلع ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے پیر کوہ کے نیو پلانٹ کالونی میں خیرمحمد نوتھانی بگٹی کے گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے زر خان موقع پر جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت دس افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، آئی این پی کے مطابق سیلفیاں بناتے ہوئے دریائے سند ھ میں اٹک خورد کے مقام پر ایک ہی خاندان کے 4 نوجوان ڈوب کر جاں بحق جبکہ کنڈ پارک کے مقام پربھی نہاتے ہوئے 2 نوجوان ڈوب گئے۔