لاہور(ملت آن لائن)پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد حادثات، تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
لاہور اور رائیونڈ میں چھتیں گرنے کے دو واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 4 بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ یوں کل سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
پنجاب، شمالی بلوچستان اور خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیرکے مختلف علاقوں میں بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، متعدد مقامات پر دیوار اور چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور 10افراد زخمی ہوگئے۔ بارش اور آندھی سے کئی مقامات پر فیڈر ٹرپ کرگئے۔
راجن پور کے مختلف علاقوں میں بجلی بحال ہونے کے بعد بجلی کے میٹروں میں آگ لگ گئی ۔راجن پور کوہ سلیمان میں تیزبارش سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔
رحیم یار خان میں گزشتہ رات آنے والی آندھی اور بارش سے سستا رمضان بازارکے خیمے اور شامیانے گر گئے ۔ گجرات میں بھی بارش اور آندھی کے باعث کئی فیڈر ٹرپ کرگئےتاہم گیپکو ترجمان کا کہنا ہے کہ 97 فیصد شہری اور80 فیصد دیہات کی بجلی بحال کردی گئی ہے ۔
شمالی بلوچستان میں ژوب موسی خیل شیرانی لورالائی بارکھان سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں سیلابی ریلے آنے سے رابطہ سڑکیں متاثرہوئی ہیں۔ شیرانی کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے ۔