لاہور:(اے پی پی) پنجاب کے عوام کے لیئے اچھی خبر ، گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لئے رشوت دینا پڑے گی نہ ایجنٹوں کی منت سماجت ، ڈیلر ہی گاڑی کی فروخت پر نمبر پلیٹ اوررجسٹریشن فراہم کرے گا ۔ اسی سال کے آخر میں گاڑی کی نمبرپلیٹ مالک کے نام سے مستقل کرنے کا بھی اعلان کردیا گیا ۔ ایجنٹوں کی منت سماجت ، رشوت بھی دھکے بھی ، ان سب چیزوں کا گاڑی ، موٹر سائیکل کی رجسٹریشن پر ایکسائز کے دفتر جانے پر سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اب پنجاب حکومت نے ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت گاڑی کی خریداری پر ہی صارف کو ڈیلر رجسٹریشن کا سمارٹ کارڈ اور نمبرپلیٹ فراہم کرے گا ۔ اس ضمن میں حکومت پنجاب ، محکمہ ایکسائز اور نیشنل بینک کے درمیان ایم او یو پر دستخط کر دیئے گئے ہیں ۔ نئے سسٹم کا نفاذ آئندہ چند ہفتوں میں کر دیا جائے گا تاہم حکومت پنجاب ایک اور قانون بھی اسمبلی سے منظور کروانے جا رہی ہے جس کے تحت اب گاڑی کی رجسٹریشن اور نمبر پلیٹ گاڑی کی بجائے مالک کے نام سے ہوگی ایک ہی کمپنی بدلنے پر بھی نمبرپلیٹ وہی رہے گی ۔ حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نئے نظام سے اب پنجاب میں کوئی غیر رجسٹرڈ گاڑی سڑک پر نہیں آسکے گی ۔ اس نظام سے دہشت گردی کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی