لاہور:(اے پی پی) پنجاب کے مختلف شہروں میں پابندی کے باوجود بوکاٹا کی آوازیں گونجتی رہیں،فیصل آباد پولیس نے چونسٹھ پتنگ باز دھر لئے، گوجرانوالہ پولیس کے ہاتھ کوئی نہ لگا تو چھٹی جماعت کے طالبعلم کو ہی اندر کر دیا۔ حکومت پنجاب کی طرف سے پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود مختلف شہروں میں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک طرف بوکاٹا کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں تو پولیس بھی پتنگ بازوں اور دھاتی ڈور بنانے والوں کے ساتھ آنکھ مچولی میں مصروف ہے۔فیصل آباد پولیس نے چونسٹھ پتنگ بازوں کو گرفتار کر کے کائٹ فلائنگ ایکٹ کے مقدمات درج کر لئے ہیں۔ دن بھر کی بھاگ دوڑ کے بعد جب گوجرانوالہ پولیس کے ہاتھ کوئی نہ آیا تو شیر جوانوں نے چھٹی جماعت کے طالبعلم فرحان کو ہی دھر لیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس پتنگ فروشوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کر رہی بلکہ گرفتار ہونے والے پتنگ فروشوں کو بھی معمولی رشوت لے کر چھوڑ دیا جاتا ہے۔