لاہور(آئی این پی) دہشت گردوں کے سہولت کار تخریبی اور مشکوک عناصر کی موجودگی و نقل و حرکت کے خلاف کارروائی کے لئے ضلعی اور یونین کونسل کی سطح پر ویجیلینس کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ پنجاب اسمبلی نے ترمیمی بل ویجیلینس کمیٹیاں پنجاب 2016 منظور کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز پنجاب اسمبلی میں منظور کیے جانیوالے قانون کے مطابق کمیٹیوں کے کنوئنر ڈی سی او ہو نگے‘کمیٹیوں کا مقصد گلی محلوں میں مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے نظام کو موثر اور یقینی بنانے کے لئے لایا گیا ہے۔کمیٹی میں پولیس ،سپیشل برانچ،انٹیلی جنس کا نمائندہ اور دو ارکان اسمبلی دو عام شہری شامل کئے جائیں گے۔کمیٹی یونین کونسل کی سطح پر مقامی ویجیلینس کمیٹی تشکیل دے گی کمیٹی کا رکن بننے والے فرد کی جانچ پڑتال کی جائے گی سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی مقامی ویجیلینس کمیٹیوں کے اراکین کو ٹریننگ دے گی ۔کمیٹی یونین کونسل سطح پر اپنے دائرہ اختیار میں مشکوک افراد کی موجودگی فرقہ واریت یا تخریب کاری کو ہوا دینے والے عناصر کے بارے معلومات اکٹھا کرے گی۔کمیٹی ممنوعہ اور غیر قانونی تنظیموں کے چندہ اکٹھا کرنے وال چا کنگ آڈیو ویڈیو ممنوعہ مواد تقسیم کرنے کا بھی خیال رکھے گی ۔کمیٹی کے ذمہ رہائش پذیر کرائے داروں کی معلومات اکٹھا کرنے کا کام بھی ہو گا۔کمیٹی اراکین کو کسی قسم کا کوئی معاوضہ نہیں دیا جائے گا۔