خبرنامہ پنجاب

پنجاب اسمبلی بنا آج سیاسی اکھا ڑا

لاہور: (آئی این پی) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی ۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس روایت کے مطابق تاخیر سے شروع ہوا ۔ وقفہ سوالات کے لئے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے وزیر اور پارلیمانی سیکرٹری کی عدم موجودگی پر سپیکرہوئے سیخ پا ۔ اجلاس کیا 30 منٹ کے لئے ملتوی لیکن دونوں صاحبان پھر بھی نہ آئے تو وقفہ سوالات ہی منسوخ کر دیا ۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے کسان دھرنے پر تحریک التوائے کار جمع کرائی تو وزیر قانون رانا ثنااللہ نے کہا کہ دھرنا سیاست کی لعنت ان ہی لوگوں کی ہے ۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اپوزیشن لیڈر کو تو کسانوں کے مطالبات کا بھی پتہ نہیں ، یہ الفاظ سننے تھے کہ بس اپوزیشن ہوئی آپے سے باہر اور کیا گو گو کا نعرہ بلند جس کے جواب میں حکومتی بنچوں نے لگائے رو رو کے نعرے اور پھر کانوں پڑی آواز سنائی نہ دی ۔ سپیکر نے ہلکی پھلکی مداخلت کی لیکن شور جاری رہا اور پھر دل کی بھڑاس نکال کر تھوڑی دیر میں ہی سب اچھا ہو گیا اور سپیکر نے پیر کے روز کسانوں کے معاملے پر بحث کرنے کی اجازت دے دی ۔