لاہور:(آئی این پی)لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب اسمبلی رولز میں ترمیم اور شیڈو کابینہ بنانے کے لئے دائر درخواست پر ہائی کورٹ آفس کا اعتراض ختم کر دیا ۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے شیراز ذکا ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پارلیمانی نظام میں اپوزیشن لیڈر کی شیڈو کابینہ ہوتی ہے ۔ پاکستان کا پارلیمانی نظام برطانوی طرز پر ہے جس کے مطابق شیڈو کابینہ ہونا لازم ہے ۔ درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے لیکن وسائل نہ ہونے کی وجہ سے چیئرمین حکومتی کابینہ کے معاملات کا جائزہ نہیں لے سکتا ۔ درخواست گزار نے استدعا کہ ہے کہ عدالت پنجاب اسمبلی رولز 1997 میں ترمیم کا حکم دے اور اپوزیشن لیڈر کو شیڈو کابینہ بنانے کا حکم بھی جاری کیا جائے ۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے ہائی کورٹ آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست سماعت کے لیے پیش کرنے کی ہدایات کر دی ۔