خبرنامہ پنجاب

پنجاب اسمبلی کااجلاس :خواتین کے لئے پردہ لگانےکامطالبہ

لاہور:(آئی این پی) پنجاب اسمبلی میں خواتین کیلیے اسپتالوں میں لیڈی ٹیکنیشنز تعینات کرنے کی قرار داد منظور نہ ہو سکی۔ اپوزیشن کی رکن نے ایوان میں پردہ لگانے کا مطالبہ کر دیا، قرارداد پر خواتین میں دلچسپ بحث ہوئی۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس معمول کے مطابق شروع ہوا، اجلاس میں ن لیگ کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے خواتین کے علاج کیلئے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں لیڈی ڈاکٹرز اور لیڈی ٹیکنیشنز تعینات کرنے کی قرارداد پیش کی اور کہا اس سے خواتین کا تقدس پامال نہیں ہوگا۔ قرارداد پر اپوزیشن کی ایک رکن نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے ایوان میں پردہ لگانے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا تھا کہ خواتین بغیرآستین کے کپڑے پہن کر آتی ہیں جس سے ان کا تقدس اور مردوں کا ایمان پامال ہوتا ہے۔ قرار داد پر بحث تو ہوئی لیکن اسے ایک ہفتے کیلئے مؤخر کر دیا گیا۔