لاہور (ملت + آئی این پی) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے پنجاب اسمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ کے سلسلے میں ہونے والی میٹنگ کی صدارت کی۔ سپیکر نے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب اسمبلی کے افسران کے ہمراہ زیر تعمیر بلڈنگ کا دورہ کیا اوراسمبلی کا زیر تعمیرایوان اور مختلف شعبہ جات دیکھے۔ اس سلسلہ میں بلڈنگ میں تعمیراتی کام کے جائزہ اور اسے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کر نے کے لیے آج اسمبلی سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر، بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ اوردیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پرسپیکر نے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ نئی بلڈنگ میں فول پروف سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی کام کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری تاخیر اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔