خبرنامہ پنجاب

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے صحرا میں علم کے پھول کھلائے ہیں، طارق محمود

لاہور (ملت + اے پی پی )پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے جنوبی پنجاب کے تین اضلاع بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یا ر خان پر محیط چولستان کے بچوں کو ان کے گھروں کے نزدیک مفت تعلیم مہیا کر دی ہے۔اسی طرح چولستان کے خانہ بدوش گھرانوں کی سہولت کے لیے موبائل سکولنگ کا منفرد منصوبہ نہایت کامیاب ثابت ہوا ہے۔ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی کوششوں سے چولستان کے صحرا میں علم کے پھول کھلے ہیں ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ دوردراز صحرائی علاقوں کے بچوں کے لیے تعلیم کی سہولت ایک نعمت سے کم نہیں۔ تعلیم تک رسائی ملنے سے ان بچوں کامعاشی مستقبل محفوظ ہواہے ۔ یہ بات منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے یہاں اپنے دفتر میں منعقد ہ اجلاس سے خطا ب میں کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹرز،پروگرام ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طارق محمو د نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ایک بہترین سروس پرووائیڈر ہے جس نے سکول ایجوکیشن میں انقلاب آفرین اصطلاحات کے ذریعے بے وسیلہ گھرانوں کو تعلیمی اخراجات سے بے نیا ز کر کے نیا عزم اور حوصلہ بخشا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کے لیے تعلیمی ووچر ز جاری کیے جارہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے پارٹنر شپ کے خواہشمند سیکنڈری سکولوں کی متعلقہ تعلیمی بورڈ سے الحاق و رجسٹریشن ضروری ہے ۔ایم ڈی پیف نے ہدایت کی کہ پروگرام ڈائریکٹرز اپنے تعلیمی اہداف کے بر وقت حصول کو یقینی بنائیں۔اجلاس نے اس امر پر اپنے اطمینا ن کا اظہار کیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی کیپسٹی بلڈنگ پر خصوصی توجہ دی ہے۔ اس طرح سکولوں کے تعلیمی معیار کو مزیدبہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔