خبرنامہ پنجاب

پنجاب: بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹےتک جاری رہنےکا امکان

لاہور: (اے پی پی )صوبائی دارالحکومت لاہور اورگردونواح میں جمعرات کے روز وقفے وقفے سے جاری موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کومشکلات کا بھی سامنا ہے،موسلادھار بارش نے لاہوریوں کو مشکل میں ڈال دیا ، جگہ جگہ جمع پانی سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ،نشیبی علاقے زیر آب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دفاتر اور سکول جانے والوں کو مشکلات پیش آئیں اورواسا نے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ دو سے تین روز تک جاری رہے گا۔ تاہم موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کا موڈ بھی خوشگوار ہو گیا، ترجمان کے مطابق کئی علاقوں میں 80 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔لکشمی چوک ، شادمان ، برکت مارکیٹ ، وحدت کالونی ، کلفٹن کالونی ، رحمان پورہ میں پانی جمع ہو گیا۔ سپریم کورٹ رجسٹری اور اس کے اردگرد کا علاقہ بھی زیر آب آگیا۔ نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں 80 سے زائد فیڈرز بند ہونے کے باعث بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 95 رہا۔دوسری طرف شدید بارش کے بعد وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے انتظامیہ اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کا حکم دیدیا ہے۔ایوان وزیر اعلیٰ لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلٰی محمد شہبازشریف نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی جلد سے جلد نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں۔ عوام کو کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آنی چاہیئے۔ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں ، دریاؤں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ کو مسلسل مانیٹر کیا جائے۔ محمد شہبازشریف نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض انجام دیں اور نکاسی آب کا عمل مکمل کرنے کے بعد رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈی سی او لاہور نے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا ۔