خبرنامہ پنجاب

پنجاب بجٹ: خالی پلاٹ پربھی ٹیکس لگے گا

لاہور: (اے پی پی ) پنجاب بجٹ کے لئے ٹیکس تجاویز تیار کر لی گئیں ۔ پراپرٹی ٹیکس ، شراب پرمٹ اور گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس میں اضافہ ہوگا ۔ درآمدی گاڑیوں پر بھی اضافی ٹیکس لگے گا ۔ بجٹ ٹیکس تجاویز کی کابینہ کے اجلاس میں حتمی منظوری لی جائے گی ذرائع کے مطابق اس مرتبہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں خالی پلاٹ بھی شامل کئے جا رہے ہیں اور تعمیر شدہ عمارت کے مقابلے میں خالی پلاٹ پر 9 واں حصہ پراپرٹی ٹیکس لیاجائے گا ۔ کرائے پر دی گئی عمارتوں کے پراپرٹی ٹیکس کی شرح میں 25 فیصد تک اضافے کی سفارش کی جا رہی ہے ، جبکہ پروفیشنل ٹیکس کی شرح میں سو فیصد اضافے کی تجویز دی جا رہی ہے ۔۔۔15سو سے 2ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی شرح میں دو سے تین فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے ، جبکہ ایک ہزار سی سی سے بڑی درآمدی گاڑیوں پر 15 ہزار سے ایک لاکھ روپے کے اضافی ٹیکس کی بھی سفارش کی جا رہی ہے ۔ رکشے کےلئے لائف ٹائم ٹوکن ٹیکس لگایا جا رہا ہے جس کے لئے تین ہزار روپے ٹوکن ٹیکس کی تجویز دی جائے گی جبکہ شراب پرمٹ کی فیس میں 100 فیصد اضافہ کی سفارش کی جائے گی ۔