خبرنامہ پنجاب

پنجاب حکومت نےبلدیاتی انتخابات سےمتعلق ترامیم واپس لےلیں

لاہور:(اے پی پی) پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق ترمیم واپس لیتے ہوئے ضلع كونسلوں كے انتخابات خفیہ رائے شماری سے كرانے كا فیصلہ بحال كردیا۔ پنجاب حکومت نے وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات سے متعلق ترامیم واپس لے لیں جسے آرڈیننس کے ذریعے واپس لیا گیا۔ حكومت نے شو آف ہینڈ كے ذریعے انتخابات كرانے سے متعلق لوكل گورنمنٹ ایكٹ میں ترامیم واپس لینے کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیكورٹ كے روبرو جمع كروادیا۔ پنجاب كی اپوزیشن جماعتوں نے خفیہ رائے شماری كو لاہور ہائیكورٹ میں چیلنج كر ركھا ہے۔ سیكرٹری لوكل گورنمنٹ كی جانب سے لاہور ہائیكورٹ میں جمع كرائے گئے نوٹیفكیشن كے مطابق پنجاب حكومت نے لوكل گورنمنٹ ایكٹ كی دفعہ 13، 14 اور 15 میں كی گئی ترامیم كركے منسوخ كردی ہیں، اب صوبے بھر میں ضلع كونسلوں كے انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہی ہوں گے، میئر، ڈپٹی میئر اور لارڈ میئر كے انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہوں گے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہےکہ پنجاب میں بلدیاتی عمل مکمل ہونا چاہیے، بلدیاتی ادارے مضبوط اور منتخب نمائندوں کو با اختیار بنایا جائے اور شہبازشریف بلدیاتی حکومتوں کی تکمیل کی خود نگرانی کریں۔