خبرنامہ پنجاب

پنجاب حکومت نے قانون سازی کی سنچری مکمل کر لی

لاہور:(آئی این پی) پنجاب اسمبلی کا انتیس جنوری کو شروع ہونے والا اجلاس 29 دن جاری رہنے کے بعد غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہو گیا ۔ اجلاس میں حکومت نے اسمبلی سے بیس بل منظور کروائے ان بیس بلوں کے ساتھ پنجاب حکومت نے قانون سازی کی سنچری مکمل کر لی جن میں خواتین کے تحفظ ، ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے ، بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے طریقہ انتخاب میں تبدیلی سمیت بڑی تعداد میں آرڈیننسز کو قانونی شکل دی گئی ۔ مفاد عامہ کی سولہ قراردادیں بھی منظور کی گئیں ۔ یوں انتیس روزہ اجلاس کے بعد پنجاب حکومت نے پارلیمانی سال کے سو دن کے لازمی تقاضے کے تریسٹھ دن مکمل کر لیے۔ ابھی یکم جون سے پہلے اسمبلی کا سینتیس دن اجلاس مزید کرنا ہو گا۔ مجموعی طورپر پنجاب حکومت نے اب تک پنجاب اسمبلی سے 100 قانون اور مفاد عامہ کی 123 قراردادوں کی منظوری حاصل کی ہے ۔ پنجاب اسمبلی نے حالیہ سیشن میں اسمبلی رولز میں بھی ترامیم منظور کی ہیں جس کے تحت اب حکومت کو ہر سال اسمبلی اجلاسوں کے شیڈول کے لئے پارلیمانی کیلنڈر دینا ہو گا۔