سیالکوٹ (آئی این پی ) پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما اور سابق صوبائی وزیرچودھری غلام عباس نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ہزاروں پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی اہم لوگوں کے پروٹو کول پر لگا رکھی ہے لہذا چےئرنگ کراس پر ہونے والی دہشت گردی کی وجہ ناقص سکیورٹی انتظامات اور موقع پر تعینات پولیس اہلکاروں کی کمی ہونا تھی مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری غلام عباس نے کہا کہ روزانہ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج فائرنگ اور شیلنگ کی بُزدلانہ کارروائیاں کرتے ہیں ،ملک میں بم دھماکے ہو رہے ہیں ،سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کے انکشافات نے حکمرانوں کو بے نقاب کردیا ہے ،ریلوے کے حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں لاہور اور دیگر شہروں میں ڈکیتی اور راپزانی کی وارداتیں پر قابو نہیں پایا جا سکا ،ترقیاتی منصوبوں کی گرانٹس میں سے عوامی نمائندے اور ان کے کوارڈنیٹر بھاری کمیشن کھاتے ہیں جبکہ حکومت لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ بھی پورا نہیں کرسکی انہوں نے کہا کہ امن وامان کی حالت اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ خواتین صبح کے وقت شوہر کو دفتر اور بچوں کو سکولز میں بھیجتے وقت ان کے بازوؤں پر امام ضامن باندھتی ہیں ۔چودھری غلام عباس نے کہا کہ حکمران مستعفی ہوکر عدالتوں میں پانامہ لیکس کا جواب دیں اور اسمبیاں توڑ کر قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا جائے ۔