خبرنامہ پنجاب

پنجاب حکومت کا 500 نوجوانوں کو چینی زبان سکھانے کیلئے چین بھجوانے کا فیصلہ

اسلام آباد :(اے پی پی) پنجاب کی صوبائی حکومت نے 500 نوجوانوں کو چینی زبان سکھانے کیلئے چین بھجوانے کا منصوبہ بنایا ہے جو وقت کی ضرورت ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شبہاز شریف کا کہنا ہے کہ نوجوانوں نے اپنے کردار سے ثابت کیا ہے کہ پاک۔چین دوستی لازوال ہے اور پاکستان اور چینی عوام بھائی بھائی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین دنیا کی دوسری بڑی اقتصادی طاقت بننے جا رہی ہے اور اس نے پوری دنیا میں لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی سیاسی، سفارتی اور معاشی اہمیت بن چکی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ چینی زبان سیکھنے والے نوجوانوں کو ماسٹر ٹرینرز کا کردار ادا کرنا ہے اور روشن مستقبل ان کا منتظر ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب، ترکی، ایران اور متعدد دیگر ممالک بھی پاکستان کے دوست ہیں جبکہ پاک۔چین دوستی لازوال ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی چین کے ساتھ دوستی اور اقتصادی تعاون بہت سے پہلوؤں سے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ثابت کیا ہے کہ دوست وہ ہوتا ہے جو مشکل میں کام آئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گذشتہ 68 سال میں 60 ارب ڈالر کے قرضے لئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب 60 ارب ڈالر کا قرض ہے دوسری جانب چین پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کیلئے یہ بھاری سرمایہ کاری کا پیکیج غیر مشروط دیا ہے اور ڈومور کا کوئی مطالبہ نہیں کیا جو چین کی قیادت اور چینی عوام کی پاکستان کی قیادت اور پاکستانی عوام کے ساتھ محبت کا ثبوت ہے۔