لاہور: (ملت+اے پی پی) پنجاب حکومت پر اپوزیشن کے بھرپور وار جاری ہیں۔ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے وائٹ پیپرز جاری کر دیئے۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب خود مالیاتی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے بیالیس کروڑ چھ ماہ میں خرچ کرکے مزید انتیس کروڑ جاری کروا لئے اور یہ کہ بلدیاتی قیادت کو دباؤ میں لانے کے لئے بارہ ارب سے زائد کی رقم ڈپٹی کمشنرز کو بلاجواز جاری کی گئی۔ دریں اثناء، پی ٹی آئی کے وائٹ پیپر میں پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بدترین قرار دی گئی۔ جرائم میں 43 فیصد اضافہ ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔ اغواء اور قتل جیسی سنگین نوعیت کی وارداتوں میں اضافہ ہوا۔ وائٹ پیپر میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ ناقص پالیسیوں کے باعث پچیس ہزار بچے سرکاری سکول چھوڑ کر پرائیویٹ اداروں میں چلے گئے۔ پانچ ہزار سرکاری سکول اسمبلی منظوری کے بغیر پرائیویٹ اداروں کے حوالے کئے گئے اور تعلیم کے شعبے میں صرف اکتیس فیصد خرچ ہو سکا۔ پیپلز پارٹی کی پارلیمانی قیادت نے بھی وائٹ پیپر جاری کرکے حکومتی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنایا ہے۔