لاہور:(اے پی پی)پنجاب بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا دہشت گردوں ، سہولت کا روں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ لاہور فیصل آباد ، ملتان اور وہاڑی میں سیکورٹی اداروں نے کارروائیوں کے دوران ڈیڑھ سو سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ سانحہ گلشن اقبال پارک دھماکے کے بعد سیکورٹی اداروں کا دہشت گردوں ، سہولت کا روں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے ۔ فیصل آباد میں سی پی او کی ہدایت پرپولیس اور ایلیٹ فورس نے شہر کے مختلف علاقوں اور افغان بستیوں میں سرچ آپریشن کیا ۔ چھاپوں کے دوران 80 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ وہاڑی میں پولیس جبکہ سی ٹی ڈی نے میلسی اور گگو منڈی میں مشترکہ آپریشن کیا ۔ کارروائی کے دوران 39 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ملتان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پیر کالونی میں کارروائی کے دوران چار افراد کو حراست میں لیا ۔ لاہور میں پولیس ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن علامہ اقبال ٹاؤن اور ہنجروال میں کیا گیا جس میں پولیس کے علاوہ حساس اداروں اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا ۔ سرچ آپریشن کے دوران شہریوں کے شناختی کوائف چیک کئے گئے ۔ شناختی کوائف کی عدم دستیابی پر 17 افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔ ملتان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مدرسے پر چھاپہ مار کر دو ایرانیوں سمیت چار افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔